30 نومبر 2015 - 12:09
صدر پیوٹن ترکی پر ایٹم بم گراکر اسے تباہ کردیں، سربراہ لبرل ڈیموکریٹک پارٹی

ولاديمير جيرنووسكیے نے کہا کہ نیوکلیئر حملے سے استنبول کو بہت آسانی سے تباہ کیا جاسکتا ہے۔ استبول کے پاس موجود آبنائے (باسفورس) پر ایک ایٹم بم گرانے سے استنبول کو مٹایا جاسکتا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق روسی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ ولاديمير جيرنووسكیے نے ترکی کو روس کا دشمن نمبر ایک قرار دیتے ہوئے صدر پیوٹن کو مشورہ دیا ہے کہ ترکی پر ایٹم بم گراکر اسے صفحہ ہستی سے مٹادیا جائے۔ ولاديمير جيرنووسكیے نے صدر پیوٹن سے کہا ہے کہ ایٹم بم گرا کر کم ازکم استنبول کو تباہ کردیا جائے جہاں 90 لاکھ افراد رہائش پذیر ہیں۔ انہوں نے ترکی کی جانب سے اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے والے ایس یو 24 طیارے کو مارگرانے کے فیصلے کو احمقانہ بھی قرار دیا۔ ولاديمير جيرنووسكیے نے کہا کہ نیوکلیئر حملے سے استنبول کو بہت آسانی سے تباہ کیا جاسکتا ہے۔ استبول کے پاس موجود آبنائے (باسفورس) پر ایک ایٹم بم گرانے سے استنبول کو مٹایا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سمندری راستے پر بم گرنے سے 10 سے 15 میٹر بلند لہریں پیدا ہوں گی جس سے استنبول میں سیلاب آجائے گا اور 90 لاکھ افراد ہلاک ہوجائیں گے۔ لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ کا بیان ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے اس بیان کے بعد آیا ہے جس میں انہوں نے روس کو خبردار کیا تھا کہ وہ آگ سے نہ کھیلے۔ واضح رہے کہ ترکی نے روس کا جنگی طیارہ مار گرایا تھا۔

.......

/169